ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آل انڈیا مسلم ڈیولپمنٹ فورم نے بھٹکل پولیس اسٹیشن میں سدرشن ٹی وی کے خلاف درج کروائی شکایت

آل انڈیا مسلم ڈیولپمنٹ فورم نے بھٹکل پولیس اسٹیشن میں سدرشن ٹی وی کے خلاف درج کروائی شکایت

Fri, 28 Aug 2020 20:13:49    S.O. News Service

بھٹکل 28/اگست (ایس او نیوز) سدرشن ٹی وی پر مسلمانوں کے خلاف ’بیوروکریسی جہاد‘کی سازش رچنے کا الزام لگاتے ہوئے سول سروسس میں کامیاب ہونے والے مسلم امیدواروں کو جس طرح نشانہ بنایا جارہا ہے اس کے خلاف آل انڈیا مسلم ڈیولپمنٹ فورم (رجسٹرڈ)کے قومی ترجمان جناب شیخ  مظفر (شیرالی)نے بھٹکل پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کروائی ہے۔

خیال رہے کہ  سدرشن ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف سریش چوہانکے نے جمعہ سے ایک ایسا پروگرام پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں اعلیٰ سرکاری عہدوں پر فائز ہونے کے لئے سول سروسس کاراستہ اپنانے اور دہشت گردانہ ذہنیت کے ساتھ سرکاری محکمہ جات میں گھس پیٹھ کی سازش بے نقاب کرنے کی بات کہی گئی ہے۔

 آل انڈیا مسلم ڈیولپمنٹ فورم نے اس پروگرام کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے، منافرت پھیلانے اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کوشش اور مسلمانوں کی کردار کشی کی مہم قرار دیتے ہوئے آئی پی سی کی  مختلف دفعات کے تحت سریش چوہانکے کے خلاف قانونی اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ سدرشن ٹی وی کے ایڈیٹر سریش چوہانکے نے ماضی میں بھی کئی مرتبہ اپنے ہتک آمیز بیانات اورزہریلی باتوں سے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوششیں کی ہیں۔ اس لئے اس مرتبہ اس نے جو حرکت کی ہے اس کوہلکے میں نہ لیا جائے بلکہ اس تحریری شکایت پر ملزم کے خلاف آئی پی سی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر رجسٹر کیا  جائے۔


Share: